[ کسی بھی فن میں کمال حاصل کرنے کے لئے چند ضروری امور] :
.............
🖊️ابو تقی الدین ضیاء الحق سیف الدین
............
کسی بھی فن میں اتقان ومضبوطی اور کمال ومہارت حاصل کرنے کے لئے تین چیزیں ضروری ہیں:
پہلی چیز :-(التكرار) یعنی بار بار پڑھنا:
جس فن میں آپ مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں اس فن کی کچھ اہم، چیدہ ،عمدہ اور مفید کتابوں کو بار بار پڑھئے اور پابندی کے ساتھ ان کا مراجعہ ومطالعہ کیجئے، ہر ماہ یا سال میں کم از کم ان کا دو تین دورہ ضرور کیجئے.
مثال کے طور پر آپ فقہ میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں،تو آپ اس فن کی کسی اہم کتاب کو چن لیجئے.
أ-اگر آپ حنبلی ہیں تو "منار السبیل/زاد المستقنع/المغني لابن قدامة" میں سے کوئی ایک کتاب.
ب- اگر آپ حنفی ہیں تو"القدوري/الهدایة/المبسوط"میں سے کسی ایک کتاب.
ج-اگر آپ مالکی ہیں تو"بداية المجتهد/شرح مختصر الخليل/المدونة"میں سے کوئی ایک کتاب.
د-اگر آپ شافعی ہیں تو "الأم للشافعي/المختصر الخليل/المجموع شرح المهذب للنووي"میں سے کوئی ایک کتاب.
ھ-اگر آپ اہل حدیث ہیں تو "الروضة الندية لصديق حسن خان /المحلى لابن حزم/السيل الجرار للشوكاني" میں سے کسی ایک کتاب کا انتخاب کر سکتے ہیں.
اس کتاب کو آپ پابندی کے ساتھ پڑھئے ،ہر دو مہینے میں ان کو ختم کیجئے،کچھ ہی سالوں کے اندر آپ اپنے اندر بڑی تبدیلی محسوس کریں گے،آپ دیکھیں گے کہ وہ کتاب آپ کو تقریباً یاد ہوگئی ہے، اور اس میں وارد مسائل اور ان کے دلائل آپ کی نگاہوں کے سامنے ہیں.
دوسری چیز :-(التلخيص):
اسی طرح اپنے مطلوبہ فن کی چند اہم(مصادر ومراجع) کتابوں کی تلخیص اور اس پر کچھ کام کیجئے، مثلاً :
کتاب اگر مطول ہے تو اس کی تلخیص کیجئے،کتاب اگر بے ترتیب ہے تو اس کو ترتيب دیجئے، اسی طرح کتاب میں اگر رطب ویابس ہے تو اس کی تحقیق اور تہذیب وتنقیح کیجئے.
مثال کے طور پر آپ کو عقیدہ سے دلچسپی ہے تو اس فن کی کسی اچھی کتاب کو لے لیجئے.
آپ"شرح العقیدة الطحاویة/العقيدة الواسطية /كتاب التوحيد /تقوية الإيمان" میں سے کسی ایک یا ساری کتابوں کا انتخاب کر سکتے ہیں.
اگر آپ"تقوية الإيمان لإسماعيل الدهلوي"کا انتخاب کرتے ہیں تو اس میں کرنے کے کئی کام ہیں،جیسے:
أ-اس کی تلخیص کر سکتے ہیں.
ب- اس میں وارد احادیث کی تخریج کر سکتے ہیں. ج- اس میں ذیلی سرخیاں لگا سکتے ہیں.
د-مشکل الفاظ اور حلِ طلب مقامات کی توضیح کر سکتے ہیں.
ھ-کتاب اردو میں ہے اس کو اپنی زبان میں منتقل کر سکتے ہیں.
ز-اس کی شرح لکھ سکتے ہیں وغیرہ وغیرہ.
تیسری چیز :-(التدریس) :
اگر آپ کسی بھی فن میں نمایاں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو اس فن کی کسی اہم کتاب کا درس دینا شروع کر دیجئے، خواہ یہ درس مسجد میں ہو یا مدرسہ وجامعہ کے کلاس روم میں، اس سے آپ کے اندر اس علم یا فن میں مضبوطی اور پختگی پیدا ہوگی.
أ-آپ جو کتاب پڑھائیں گے اس کی ایک جامع مانع اور معتبر شرح کو مطالعہ میں رکھیں،اور اسی شرح کو اصل اور اساس بنالیں.
ب-ساتھ ہی ساتھ اس کتاب کے حل طلب مقامات یا مزید فائدے کے لئے دیگر شروحات اور کتابوں کا مراجعہ بھی کریں.
ج-دیگر شروحات اور کتابوں کے ورق گردانی کے وقت اگر اس میں کچھ کام کی چیز ہو تو اس کو اپنی شرح(جو ہمیشہ آپ کے مطالعہ میں رہتی ہے) کے حاشیہ میں یا کسی خاص دفتر میں لکھ لیں.
مثلاً آپ "سنن أبي داود"پڑھا رہے ہیں، اور ہمیشہ آپ کے مطالعہ میں شمس الحق عظیم آبادی کی مشہور شرح "عون المعبود" رہتی ہے، لیکن کبھی کسی حدیث کی مزید توضیح کے لئے آپ کو "بذل المجهود للسهارنفوري" یا "تهذيب السنن لابن قيم" یا"معالم السنن للخطابي"وغیرہ کی ورق گردانی کرنی پڑتی ہے.
اسی طرح آپ کو کبھی کسی حدیث میں وارد "فقہی" یا" عقدی"مسائل کی وضاحت کے لئے کتب فقہ اور کتب عقیدہ کی طرف بھی پلٹنا پڑتا ہے.
لہذا ایسی صورت میں آپ کو ان کتابوں میں جو نادر اور مفید چیز ملے، اسے اپنی کتاب کے حاشیہ میں یا دفتر میں لکھ لیں، تاکہ دوبارہ پڑھاتے وقت پھر ان کتابوں کی طرف رجوع کرنا نہ پڑے.
میرے استاد شیخ عبد العزيز الشائع حفظہ اللہ نے اپنی ایک تحریر میں ان امور کو مختصرا ذکر کیا ہے، میں نے یہاں اپنے قارئین کے لیے اس کو قدرے تفصیل سے لکھا ہے.
Tuesday, September 10, 2019
کسی بھی فن میں کمال حاصل کرنے کے لئے
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
جھوٹ بولنے والے کا منہ کالا ہو
اللہ تعالیٰ جھوٹ بولنے والوں کا منہ کالا کرے ........ 🖊️ابو تقی الدین ضیاء الحق سیف الدین ....... شیخ الاسلام ابن تیمیہ نے ایک جگہ لکھا ہ...
-
[قرآن کریم میں وارد"فتیل"-"نقیر"-اور"قطمیر"کا معنی] کل شام کی بات ہے ایک بھائی نے مجھ سے"نقیر"...
-
صفة اليدين : [ اللہ تعالی کے دو ہاتھ ہیں،اللہ تعالی کی یہ ایک ذاتی صفت ہے ]: اللہ تعالی کا ارشاد ہے : ﴿بَلْ يَدَاهُ مَبْسُوطَتَان﴾[...
-
[تصنيف وتالیف کی اہمیت اور اس میں اہل علم کا منہج] : .............. 🖊️ابو تقی الدین ضیاء الحق سیف الدین ............. 1 -اما...
No comments:
Post a Comment